Mar ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں بھی عالمی نوروز کی تقریب

اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر کی میزبانی میں اس سال بھی اقوام متحدہ میں عالمی نوروز کی تقریبات کا انعقاد ہوا۔

سحر نیوز/ ایران: پروگرام میں نوروز منانے والے بارہ ممالک کے سفیروں کے علاوہ دیگر ملکوں کے سفارت کاروں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر سعید ایروانی نے اس تقریب میں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوروز، جو موسم بہار اور نئے شمسی سال کا آغاز ہے تمام انسانوں کو حیات نو اور جسم و جان میں شادابی و طراوت کی دعوت دیتا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ نوروز، عشق و محبت اور سکون و مسرت پیدا کرتا ہے نیز سعادت و نیک بختی کے نئے باب کے آغاز کی نوید دیتا ہے ۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کہا کہ نوروز، گھروں، خاندانوں اور نسلوں کے اندر پیار محبت ، بھائی چارے اور امن و دوستی جیسی حقیقی انسانی اقدار کو فروغ دیتا ہے۔

نوروز کے موقع پر منعقدہ اس تقریب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ ، یونیسکو کے نمائندے اور نوروز منانے والے بارہ ممالک کے سفیروں نے بھی مختصرخطاب کیا اور نوروز اور فصل بہار کے آغاز کی مبارکباد دیتے ہوئے قوموں و حکومتوں کے درمیان امن و یکجہتی کے فروغ پر زور دیا۔

قابل ذکر ہے کہ سنہ 2009 میں پہلی بار ایران کی پہل اور آذربائيجان، ترکی ، ہندوستان ، پاکستان ، ازبکستان اور قرقیزستان کی مشارکت سے ایک قدیم وعظیم انسانی ورثے کی حیثیت سے نوروز کو اقوام متحدہ کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں درج کیا گیا اور اس کے بعد دوہزار سولہ میں افغانستان ، ترکمنستان ، تاجیکستان ، قزاقستان اور عراق بھی اس میں شامل ہوگئے ۔

دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی نوروز کی تہذیب و ثقافت کے مالک ملکوں کے وزرائے خارجہ کے نام الگ الگ پیغام میں انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیر خارجہ نےآذربائیجان، ازبکستان، افغانستان، پاکستان، تاجیکستان، ترکمنستان، ترکیہ، عراق، قرقیزستان، قزاقستان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کو اپنے پیغامات میں، قدیمی جشن نوروز کی ان ملکوں کے وزرائے خارجہ کو مبارک باد پیش کی ہے اور ان ملکوں کے عوام کے لئے کامیابی و کامرانی کی آرزو کی ہے۔

حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید نوروز کی آپ کواور آپ کے ملک کی حکومت اور قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جو تہذیب و تمدن کے مالک ہمارے آباء و اجداد کی ہزاروں سالہ مشترکہ ثقافتی ورثہ ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ نوروز کی قدیمی اور خوبصورت روایتیں، علاقائی اقوام کے درمیان گہرے انسانی، ثقاقتی اور تہذیبی روابط کی علامت ہيں ۔ انہوں نے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام نوروز کی تہذیب کے حامل ملکوں کے ساتھ دوستی اور تعاون میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی سنجیدہ کوشش کر رہے ہيں۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی ہےکہ یہ راہ ہمارے رہنماؤں اور قوموں کے عزم محکم سے علاقے میں ترقی و مشترکہ سلامتی کا باعث بنے گی۔

ٹیگس