Mar ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran

ایران کے وزیرخارجہ نے ملت فلسطین کے حقوق کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف جدوجہد میں جہاداسلامی کے اہم کردار کو سراہا۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ سے ملاقات میں عالمی یوم قدس کو علاقے اور دنیا کے لئے اہم پیغام کا حامل قرار دیا اور کہا کہ اس سال دنیا کی حریت پسند قومیں زيادہ عالی شان طریقے سے عالمی یوم قدس برپا کریں گی۔ ایران کے وزیرخارجہ نے جاری جنگ میں غزہ پٹی اور فلسطین کی استقامتی تحریکوں کے اتحاد کو ملت فلسطین کے لئے نہایت اہم اور گرانقدر قرار دیا۔ایران کے وزیرخارجہ نے صیہونی حکومت میں مختلف سطح پر بڑھتے ہوئے بحران کی جانب اشارہ کیااور کہا کہ اس وقت ملت فلسطین کو ہمیشہ سے زیادہ دنیا کی حمایت حاصل ہے اور وہ کافی زیادہ طاقتور ہے اور صیہونی حکومت ہمیشہ سے زیادہ قابل نفرت اور تنہا ہو چکی ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ بلاشبہ آئندہ ملت فلسطین اور استقامت کو مزید کامیابی ملےگی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں انجام پانے والے اس ملاقات کے بعد جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ آج ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ بہت اچھے مذاکرات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے گزشتہ مہینوں کے دوران فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت میں بہت اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسلامی جمہوریہ ایران مستقل طور پر ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔ زیاد النخالہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فعال سفارتکاری نے استقامتی فلسطینی محاذ کے مؤقف کو بیان کرنے اور اس کی حمایت میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ہمیں ایران سے یہی توقع تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی انقلاب کے آغاز سے ہی فلسطین کے استقامتی محاذ کے ساتھ ہے اور اس نے اس کی بھاری قیمت بھی ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع کی وجہ سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران کو بے شمار پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹیگس