Apr ۰۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • وحشیانہ صیہونی جرائم کا سلسلہ روکنے پر زور

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے غاصب صیہونی حکومت کو وحشیانہ جرائم جاری رکھنے سے روکے جانے کو دنیا کے عوام کا مطالبہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر اپنے تازہ پیغام میں لکھا ہے کہ دنیا دیکھ رہی ہے اور غاصب صیہونی حکومت نے دنیا کی آنکھوں کے سامنے غزہ میں وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دیر البلح میں، شہدائے الاقصی اسپتال کے کیمپس میں فلسطینی مہاجرین کے خیموں پر بمباری بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کا تازہ انسانیت سوز جرم ہے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے اپنے تازہ وحشیانہ حملے سے تمام بین الاقوامی قوانین اور اصول وضوابط کا مذاق اڑایا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کو جرائم کا سلسلہ جاری رکھنے سے روکنا اور جرائم پیشہ صیہونی حکام کے خلاف قانونی اور عدالتی کارروائی بین الاقوامی اداروں کا فریضہ ہے اور دنیا کے عوام کا مطالبہ ہے کہ عالمی ادارے اپنے اس فریضے پر عمل کریں۔
ناصر کنعانی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ غزہ کے محصور باشندوں کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم اس کے مکار اور ریاکار حامیوں کی پیشانی پر ایسے بدنما داغ ہیں جنہیں کسی بھی طرح دھویا نہیں جاسکتا۔

ٹیگس