صیہونی حکومت جنگ پسندانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، ایران
ایران کے وزيرخارجہ نے کہا ہے کہ جعلی اسرائیلی حکومت علاقے میں جنگ کو بھڑکانے اور پھیلانے کی کوشش کررہی ہے اور اسے ہمیشہ امریکہ کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزيرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مسقط میں عمان کے وزیرخارجہ بدرالدین حمد البوسعیدی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ صیہونی حکومت غزہ کے دلدل میں پوری طرح پھنس چکی ہے اور ایسی حالت میں کہ غزہ کی جنگ ساتویں مہینے میں داخل ہوگئی ہے اور وہ غزہ میں اپنا معمولی مقصد بھی حاصل کرنے سے عاجز ہے۔
ایران کے وزيرخارجہ نے دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے پر صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ اور بزدلانہ حملے کے بارے میں کہا کہ یہ اقدام صیہونیوں کی جنگ بھڑکانے اور اس میں علاقے کے دوسرے ملکوں کو بھی جنگ میں گھسیٹنے کی نئی کوشش ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ ایران میں امریکی مفادات کے محافظ سوئيزرلینڈ کے سفارتخانے کے ذریعے واشنگٹن کو کھلا پیغام بھیج دیا گیا ہے اور امریکی، صیہونی حکومت کے جرائم کی حمایت کرنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہيں ہٹ سکتے۔
اس پریس کانفرنس میں عمان کے وزيرخارجہ نے بھی کہا کہ تہران اور مسقط کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے سنجیدہ کوششیں ہو رہی ہيں اور ایرانی وزيرخارجہ کی موجودگی کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غزہ میں فلسطینی عوام کی مسائل و مشکلات اور مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی فوجی یلغار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔