Apr ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کی ترجیحات میں شامل

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی ایران کی پالیسی پر تاکید کرتے ہوئےاسلام آباد کے ساتھ زرعی میدان میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر صنعت و زراعت رانا تنویر حسین سے ملاقات میں کہا کہ ایرانی حکومت کی پالیسی اپنے پڑوسیوں بالخصوص پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔

اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر صنعت و زراعت رانا تنویر حسین نے ایران پاکستان تعلقات کی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی میزبانی پر فخرہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ، ایران کے ساتھ زرعی میدان سے متعلق شعبوں میں ہونے والے تعاون کے سمجھوتے کو حتمی شکل دینے کے لئے ضروری اقدامات تیزی سے انجام دے گا۔

ایران کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد کی مبارکباد دیتے ہوئے تہران میں رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے شانگھای تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ اور دیرینہ تعلقات اور بہت سے مشترکہ روابط ، ہمہ گیر تعاون کو آگے بڑھانے کا ایک مضبوط عامل ہے ۔

ٹیگس