صیہونی حکام کے کسی بھی احمقانہ اقدام کا جواب اس سے کہیں زیادہ سنگین ہوگا: صدر رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ اگر اسرائیل کی نسل کش حکومت نے کوئی اور احمقانہ قدم اٹھایا تو اسے ایران کا اس سے کہیں زيادہ ٹھوس اور سخت جواب ملے گا۔
سحرنیوز/ ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اہداف اور مفادات کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں، ایران کی مسلح افواج کے تاریخی، طاقتور اور فاتحانہ آپریشن کے بعد کہا ہےکہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں ایرانی قوم کے غیور اور دلیر فرزندوں نے تمام دفاعی اور سیاسی شعبوں کے تعاون اور ہم آہنگی سے، ایران کی حاکمیت کی تاریخ میں ایک نیا باب کھولا اور صیہونی دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا ہے -
صدر مملکت رئیسی نے کہا کہ جارح کو سزا دیئے جانے کا رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای کا وعدہ صادق پورا ہو گیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی سربلند مسلح افواج نے پوری طاقت کے ساتھ صیہونی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جو کہ ایران کے جائز اور قانونی دفاع کے دائرے میں دفاعی تدبیر ہے-ابراہیم رئیسی نے اس بات پرزور دیا کہ ایران کی فوجی طاقت، ملک اور علاقے کی سلامتی کی ضامن ہے اور خطے کے ممالک اور اقوام کے مفادات کے دفاع کی خدمت میں ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اچھی ہمسائيگی کی حکمت عملی کو آگے بڑھانے اور ان کے ساتھ دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، ہمسایہ ممالک اور خطے کے عوام خواہ کسی بھی مسلک، مذہب اور عقائد کے حامل ہوں، امن و سکون سے رہنے کے مستحق ہیں لیکن بدقسمتی سے قابض حکومت کی شیطنت نے کئی دہائیوں سے خطے کے عوام کو اس نعمت سے محروم رکھا ہوا ہے۔
صدر ایران نے یہ بھی کہا کہ "مزاحمت" خطے میں امن و سلامتی کے احیاء کے ساتھ ہی غاصبانہ قبضے اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو مسترد کرتی ہے اور اسلامی جمہوریہ خطے میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں انجام پا رہی فلسطینیوں کی نسل کشی اور انکے تشدد پسندانہ اقدامات کو بحران کی اصل وجہ سمجھتا ہے۔