نیویارک پہنچنے پرایران کے وزیر خارجہ کا انٹرویو
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ وعدہ صادق آپریشن کے بعد ہم نے امریکہ کو ایک اور پیغام بھیجا ہے اور یہ کہ ہم علاقے میں کشیدگی نہیں بڑھانا چاہتے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ نے نیویارک پہنچنے پر کہا کہ جب اسلامی جمہوریہ ایران میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم بین الاقوامی قوانین اور اپنے جائز دفاع کے حق کے تناظر میں اسرائیل کو لازمی جواب، انتباہ اور سزا ضرور دیں گے، اسی وقت امریکہ کو اس فیصلے کی اطلاع دے دی گئی تھی۔
امیرعبداللہیان نے کہا کہ ہم نے امریکہ کو کھل کر بتا دیا تھا کہ ہم علاقے میں امریکی مفادات اور اس کے اڈوں کو نشانہ نہیں بنائيں گے لیکن ہماری طرف سے اسرائیلی حکومت کو جواب دینے پر اگر امریکہ نے صیہونی حکومت کی کوئي جنگی مدد کی تو ہم اسے بھی نشانہ بنائيں گے۔
امیر عبداللہیان نے اپنے دورہ نیویارک کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنا ہے جو مغربی ایشیاء کے حالات کا جائزہ لینے اور مسئلہ فلسطین پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے منعقد ہو رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ حسین امیرعبداللہیان جمعرات کو سلامتی کونسل کے اعلی رتبہ اجلاس سے خطاب کریں گےایرانی وزيرخارجہ اپنے دورہ نیویارک میں اسلامی تعاون تنظيم کے رکن ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقات کریں گے۔