Apr ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل کی ہر جارحیت کاسخت ترین جواب دینے پر زور

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی حکومت نے کوئي غلطی کی تو اسے فورا ، بھرپور اور پچھتانے والا جواب دیا جائے گا۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ نے جو اس وقت نیویارک کے دورے پر ہیں امریکی ٹی وی چینل سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ امید ہے کہ امریکہ، اسرائیلی حکومت کو روکے گا اور اسے کسی نئی مہم جوئی کی اجازت نہيں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اعلان کردیا کہ ہمارا جواب، جائز دفاع کے حق اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق تھا۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم جوابی کارروائی کا سلسلہ جاری نہیں رکھیں گے لیکن اگر اسرائیلی حکومت نے پھر کوئی مہم جوئی کی اور ہمارے مفادات کے خلاف کوئی اقدام کیا تو ایران اس کا فورا  وسیع اور بھرپور جواب دے گا۔
ایرانی وزیرخارجہ امیرعبداللہیان نے کہا کہ ہم نے اپنے جائز دفاع کے دائر ے میں جو حملہ کیا وہ کم سے کم تھا کیونکہ ہم نے صرف دو فوجی مراکز یعنی نواتیم ایئربیس اور ایک انٹیلیجنس سیکورٹی مرکز پر جوابی حملہ کیا کیونکہ انہیں دونوں جگہوں سے ہمارے قونصلر سیکشن پر حملہ ہوا تھا۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ امریکا اسرائیلی حکومت کو روکے گا اور اس حکومت کو نئي مہم جوئی کی اجازت نہيں دے گا لیکن اگر اسرائیلی حکومت نے نئی مہم جوئی کی تو ایران کا جواب پہلے سے مختلف ہوگا۔

ٹیگس