ہندوستان کے ساتھ طویل مدتی تعاون معاہدے کو آگے بڑھانے پر زور
ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے ساتھ طویل المدت تعاون معاہدے کو آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: ہندوستان کی بندرگاہوں اور جہاز رانی کے وزیر سربانند سونووال سے ملاقات میں وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کا کہنا تھا کہ تہران، نئی دہلی کے ساتھ طویل مدتی تعاون کے لئے آمادہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ہمارا نقطہ نظر اسٹریٹجک ہے اور ہم ہندوستان کے ساتھ دو طرفہ اور کثیر جہتی تعاون میں مزید توسیع کے لیے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے چابہار میں شہید بہشتی پورٹ ٹرمینلز کے استعمال سے لے کر آپریٹنگ تک معاہدے کے اختتام اور شمال اور جنوب کوریڈور میں تعاون کو مضبوط بنانے کو دونوں ممالک اور خطے کے درمیان تجارتی تعلقات کے حجم کو وسعت دینے کا ایک بہت اہم موقع قرار دیا۔
ہندوستان کی بندرگاہوں اور جہاز رانی کے وزیر سربانند سونو وال نے بھی اس ملاقات میں نئی دہلی اور تہران کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات اور علاقائی تعلقات میں ایک اہم اور تاریخی معاہدے طور پر یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لیے تجارتی ترقی کے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔