صدر رئیسی ایماندار، مخلص اور اہم رہنما تھے: عراقی وزیر اعظم
اسلامی جمہوریہ ایران کے شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئيسی اور ان کے ہمراہ درجہ شہادت پر فائز ہونے والی دیگر اہم شخصیات کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے ساٹھ سے زیادہ غیر ملکی اعلی رتبہ وفود تہران پہنچے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: شہید صدر سید ابراہیم رئیسی کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے آنے والے سربراہوں میں بعض حکام نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی ہے-
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے آج صبح رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ ملاقات میں عراق کی حکومت اور قوم کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے شہید صدر جناب رئیسی سے جو کچھ ہم نے دیکھا وہ ایمانداری، خلوص، پاکیزگی، محنت و کوشش اور عوام کی خدمت کے سوا کچھ نہیں تھا۔
اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تعزیت کے لیے عراقی وزیراعظم کے دورہ تہران کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم ایک ممتاز شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں ، صدر رئیسی بہت اچھے برادر اور ایک مستعد، قابل، مخلص، سنجیدہ اور ذمہ دار عہدیدار تھے۔