ایران اور شام کی مضبوط اسٹریٹیجی نے دشمنوں کی تمام سازشوں کا ناکام بنادیا: محمد مخبر
اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات میں کہا کہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی شہادت کے افسوسناک حادثے کے باوجود، ایران مستحکم انداز میں مستقبل کی جانب اسی راہ پر گامزن ہے جسے شہید رئیسی نے روشن کیا تھا۔
سحر نیوز/ ایران: شام کے صدر سے ملاقات کے دوران جو صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تعزیت کے لئے تہران پہنچے تھے، عبوری صدر محمد مخبرنے کہا کہ اتنے بڑے حادثے کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران مستحکم انداز میں طے شدہ راستے پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بھی اسی راستے پر آگے بڑھ رہی ہے جس کا تعین شہید آيت اللہ رئیسی کرکے گئے تھے۔
ایران کے نگراں صدر محمد مخبر نے کہا کہ ملک کے امور میں کسی بھی قسم کا خلل نہیں پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن طاقتیں تہران اور دمشق کے دوستانہ تعلقات اور استقامتی محاذ کو نقصان پہنچانا چاہتی تھیں لیکن دونوں ملکوں کی مضبوط اسٹریٹیجی نے دشمنوں کی تمام سازشوں کا ناکام بنادیا۔
نگراں صدر نے کہا کہ دشمن کی اس شکست کا واضح نمونہ اس وقت غزہ میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں جرائم پیشہ صیہونی حکومت کو کئی بڑی طاقتوں کی مکمل حمایت کے باوجود، استقامتی محاذ کے مجاہدوں کے سامنے ہزیمت اٹھانا پڑ رہی ہے۔