Jun ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں صیہونی جارحیت رکوانے کے لئے اسلامی ممالک ہنگامی اور مشترکہ اقدام کریں: ایران

غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم رکوانے کے لئے اسلامی ممالک کے ہنگامی اور مشترکہ اقدام پر تاکید کرتے ہوئے اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیرخارجہ علی باقری کنی نے الجزائر، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم رکوانے کے لئے اسلامی ممالک کے ہنگامی اور مشترکہ اقدام پر تاکید کرتے ہوئے اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے پر زور دیا ہے۔

ایران کے قائم مقام وزیرخارجہ نے الجزائر کے وزيرخارجہ احمد عطاف سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم رکوانے اور غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی امداد بڑھانے کے لئے اسلامی ممالک کا مشترکہ اور ہنگامی اقدام ضروری ہے۔

علی باقری کنی نے صیہونی حکومت کے جرائم رکوانے کی غرض سے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کی تشکیل کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے حملے رکوانے کے لئے قرار داد پیش کرنے کے سلسلے میں اسلامی ممالک کی نمائندگی میں الجزائر حکومت کی کوششوں کی حمایت کی ۔

الجزائر کے وزیرخارجہ نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں شہر رفح پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت اور فلسطینی عوام کی حمایت میں اس ملک کے سابقہ اقدامات کی یاد دہانی نیز غزہ کے بے پناہ باشندوں کی امداد رسانی کے لئے جنگ بندی اور غزہ کے فلسطینیوں کی تکلیفوں اور پریشانیوں کو کم کرنے کے لئے اسلامی ممالک کی ہر طرح کی فوری اور اجتماعی جدت عمل اور پہل کا خیرمقدم کیا اور اس کی حمایت کی۔.

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے قطر کے وزیراعظم و وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے بھی ٹیلی فونی گفتگو کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ اسے غزہ پٹی میں صیہونیوں کے جرائم جاری رکھنے کی قیمت چکانی پڑے گی ۔

قطری وزیرخارجہ نے ملت فلسطین کی حمایت کے لئے تہران و دوحہ و دیگر اسلامی ممالک کے درمیان تعاون و اشتراک عمل بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اس گفتگو میں قطر کے وزیرا‏عظم نے غزہ پٹی کے مشکل حالات کو صیہونی حکومت کے جنگ پسندانہ رویے کا نتیجہ قرار دیا اور حملے رکوانے ، جنگ بند کرانے اور محصور فلسطینیوں تک فوری امداد بھیجنے پر تاکید کی۔ نسل کش صیہونی حکومت امریکہ کی حمایت و مدد سے اقوام متحدہ اور تمام بین الاقوامی اداروں کی نگاہوں کے سامنے گذشتہ آٹھ مہینوں سے غزہ پٹی پر وحشیانہ حملہ اور اس علاقے کے نہتھے عوام کی نسل کشی کررہی ہے ۔

ٹیگس