مسجدالاقصی کی بے حرمتی سےغاصب صیہونی حکومت کشیدگی کا دائرہ پھیلانے کی کوشش میں ہے: ایران
ایران نے صیہونیوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے انتہا پسند صیہونیوں کی جانب سے نسل پرستانہ نعرے بازی، اشتعال انگیزی اور قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے سیکیورٹی اہلکاروں اور فوجیوں کی حمایت سے انتہا پسند صیہونیوں نے ایسی حالت میں قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی ہے کہ غزہ اور غرب اردن میں نسل پرست صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسجد الاقصی کی بے حرمتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ نسل پرست اور غاصب صیہونی حکومت کشیدگی اور بحران کا دائرہ پورے فلسطین اور علاقے میں پھیلا دینا چاہتی ہے۔
ناصرکنعانی نے کہا کہ سرزمین فلسطین اور مسجد الاقصی ابراہیمی ادیان کے سبھی سچے پیروکاروں کے لئے محترم ہے اور نسل پرست اور انتہا پسند صیہونیوں کو اس قسم کے اشتعال انگیز اور توہین آمیز اقدامات سے عالمی نیز مسلم اقوام کی نفرت کے علاوہ اورکچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس وقت بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت دنیا میں ماضی کی بہ نسبت بہت زیادہ گوشہ نشین ہوچکی ہے اور اس میں دو رائے نہیں کہ اس قسم کے اقدامات سے اس سے نفرت اور اس کی گوشہ نشینی میں مزیداضافہ ہوگا۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کے مقابلے میں اسلامی ملکوں کے متحدہ موثر اقدام کی ضرورت پر زور دیا اورمسلمین عالم سے اسلامی مقدسات بالخصوص قبلہ اول مسجد الاقصی کے دفاع اور حمایت کی اپیل کی۔