Jun ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۲۶ Asia/Tehran
  • تہران میں 30 سے ​​زائد  ملکوں کے وزرائے خارجہ کی آمد، تمام طاقتور ایشیائی ممالک شامل

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور مہدی صفری نے کہا ہے کہ ایشیائی ممالک کے درمیان مختلف جہتوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم اجلاس کے مقاصد میں سے ایک ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ بلاشبہ اے سی ڈی ایشیا میں تشکیل پانے والی سب سے بڑی تنظیم بھی ہے اور ایران نے گزشتہ برس اس گروپ کی صدارت سنبھالی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار اور پیر کو 19 ویں ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کا اجلاس تہران میں ہوگا جو ایران کی صدارت میں ہونے والا دوسرا اجلاس ہے۔

اے سی ڈی کا پہلا اجلاس ایران کے شہید وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کی صدارت میں نیویارک میں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو اے سی ڈی کے نائب وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں اجلاس کا ایجنڈا تیار کیا جائے گا اور ایران کی پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

مہدی صفری کا کہنا تھا کہ اس فورم کے رکن ممالک کی تعداد 35 ہے اور تمام طاقتور ایشیائی ممالک بھی اس فورم میں شامل ہیں۔ مہدی صفری نے مزید کہا ہے اتنی بڑی تعداد میں ایشیا ممالک کے نمائندوں کو بیک وقت تہران میں اکٹھا ہونا ایک بڑی کامیابی ہے۔

یاد رہے کہ  ایران، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، برونائی، سنگاپور، کمبوڈیا، ویتنام، میانمار، لاؤس، نیپال، روس، ترکی، جاپان، چین، منگولیا، جنوبی کوریا،  ہندوستان، افغانستان، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھوٹان، کویت، بحرین، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، عمان، فلسطین، قزاقستان، ازبکستان، کرغزستان اور تاجکستان اے سی ڈی کے رکن ہیں۔

 

ٹیگس