صیہونی جرائم کے حامی ہمیشہ شرمندہ رہیں گے، ایران کی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونی جرائم کی حمایت کرنے والوں کے ماتھے پر ہمیشہ شرمندگی رہے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اتوار کے روز اپنی ایک ایکس پوسٹ میں لکھا کہ صیہونی مجرموں کے ہاتھوں غزہ میں جنگی جرائم اور فلسطینیوں بالخصوص مظلوم بچوں کے قتل عام کا سلسلہ بے رحمی سے جاری ہے، فلسطین کے سرکاری ذرائع کے مطابق غزہ کے خلاف جنگ کے شہداء کی تعداد اڑتیس ہزار ایک سو ترپن اور زخمیوں کی تعداد ستاسی ہزار آٹھ سو اٹھائس تک پہنچ گئی ہے۔
ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ غزہ میں دس ہزار سے زائد لوگ اب بھی لاپتہ اور ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ غزہ میں گزشتہ بارہ گھنٹے کے دوران پانچ صحافی شہید ہوگئے جس سے غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد ایک سو اٹھاون ہو گئی ہے۔ ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بھی لکھا کہ صیہونی حکومت کے حامی بے شرمی کے ساتھ انسانی حقوق کے نعرے لگاتے رہتے ہیں اور دوسرے آزاد ممالک کے اندرونی مسائل میں ڈھٹائی سے مداخلت اور تبصرے کرتے ہیں۔