اسماعیل ہنیہ اور مہدی المشاط کی ڈاکٹر پزشکیان کو مبارکباد
فلسطین کی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے ایران کے نو منتخب صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے-
سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے اعلی رہنما اسماعیل ہنیہ نے ایرانی نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے رابطہ کرکے ان کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ایران نے صدارتی انتخابات کے دوران مستحکم جمہوری نظام کا بہترین نمونہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔
انہوں نے ایران کی جانب سے فلسطینی مقاومت کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسئلہ فلسطین کا سیاسی حل نکل آئے گا۔حماس کے بیان کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر پزشکیان نے المواصی کیمپ پر صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ مشکل وقت میں فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کی کابینہ عالمی فورمز پر مسئلہ فلسطین کو مزید اجاگر کرے گی۔
دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بھی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ ایک ٹیلی فونی گفتگو میں ایرانی عوام کے توسط سے ان کے انتخاب پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ایرانی قوم کے عزم و ارادے کی فتح قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی قوم اور دنیا کے تمام مظلوموں کے حقوق کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مضبوط اور فیصلہ کن موقف کی قدر کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ تاریخ ایران کے حق پسندانہ موقف کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی کہا کہ بعض عرب ممالک کے برعکس یمن نے عملی طور پر بہت سی مشکلات اور ممکنہ خطرات کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت کے میدان میں قدم رکھا ہے جو تاریخ میں یادگار رہے گا۔