مسجد پر چھاپے اور اسلامی مراکز کو بند کرنے پر جرمن سفیر کی ایرانی دفتر خارجہ طلبی
جرمنی میں متعدد اسلامی مراکز کی بندش پر جرمن سفیر کو اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کیا گيا۔
سحرنیوز/ایران: جرمن پولیس کی جانب سے متعدد اسلامی مراکز بند کئے جانے کے بعد، ایران میں جرمن سفیر ہانس اودو موتسل کومغربی یورپ کے ڈائریکٹر جنرل نے وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے۔ ایران کی جانب سے جرمن پولیس کے اس معاندانہ اور انسانی حقوق کے منافی اقدام کی مذمت کی گئی اور اس پر اسلامی جمہوریہ ایران کے شدید احتجاج سے انہيں آگاہ کیا گيا۔
وزارت خارجہ میں مغربی یورپ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج جو جرمنی میں ہو رہا ہے وہ اسلام اور ادیان ابراہیم سے دشمنی کی واضح مثال ہے۔ جرمن سفیر نے اس طلبی میں کہا کہ وہ فوری طور پر جرمنی میں متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
اس سے پہلے جرمن وزیرداخلہ نانسی فیزر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کہ ہیمبرگ اسلامک سینٹر کو انتہا پسندانہ سرگرمیوں کی وجہ سے بند کیا جارہا ہے۔ بدھ کو علی الصبح درجنوں جرمن پولیس اہلکاروں نے ہیمبرگ میں مسجد پر چھاپہ مارا ہے۔
واضح رہے کہ امام علی مسجد جرمنی کی قدیمی ترین مساجد میں سے ایک شمار ہوتی ہے۔