امریکہ اور کچھ یورپی ملک، صیہونی حکومت کی گستاخی میں اضافے کا سبب ، صدر مملکت
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ اور بعض مغربی ممالک کے دہرے معیارات کے باعث صیہونی حکومت ، غزہ پٹی اور علاقے کے ممالک میں قتل عام اور ہولناک جرائم انجام دینے کے سلسلے میں مزید گستاخ اور جری ہوگئی ہے
سحر نیوز/ ایران:اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے یورپی کونسل کے سربراہ چارلی میشل سے ٹیلی فونی رابطے میں دنیا میں چند قطبی نظام کو مضبوط بنانے پر تاکید کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جیسے ممالک پر دباؤ ڈالنے کے لئے امریکی اقدامات اور پالیسیاں اور انھیں تمام حقوق و مفادات سے محروم کرنے کی امریکی کوششیں عالم نظام کے مستحکم ہونے اور دنیا میں امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں
ڈاکٹر پزشکیان نے ایٹمی سمجھوتے کے بارے میں مذاکرات شروع کرنے کے لئے یورپی کونسل کے سربراہ کی خواہش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مقابل فریق کے اعتماد اور باہمی مفادات کے حصول کو سمجھوتے کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اگر فریقین اپنے تمام معاہدوں پر عمل کریں اور باہمی اعتماد پیدا کریں تو ایٹمی سمجھوتے کے ساتھ ہی دیگر باہمی مسائل کے بارے میں بھی گفتگو کی جا سکتی ہے ۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں چارل میشل نے بھی غزہ پٹی کے واقعات کے تناظر میں غزہ میں انسان دوستانہ حقوق کی پابندی ، حملے بند ہونے ، جنگ بندی ہونے اور غزہ کے عوام کو بڑے پیمانے پر امداد کی فراہمی اور خودمختار فلسطینی ریاست کو تسلیم کئے جانے پر تاکید کی ۔