صدر ایران کا دورہ نیویارک، ہمارا پیغام امن اور سلامتی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں ہوائی اڈے پر ایران کے وزیر خارجہ اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا پیغام امن اور سلامتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خونریزی، جنگ اور قتل و غارتگری کے بجائے ایک ایسی دنیا تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس میں تمام انسان رنگ، نسل، یا علاقے سے قطع نظر سکون سے زندگی گزار سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم جس دنیا میں رہتے ہیں وہ اس وقت ایسی دنیا نہیں ہے۔ یہاں دوہرے معیارات ہیں جن کے نتیجے میں آج ہمیں مختلف مسائل کا سامنا ہے۔
صدر پزشکیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اناسیویں اجلاس سے خطاب میں مختلف حوالوں سے اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کو بیان کریں گے۔ جبکہ اس اجلاس کی سائیڈ لائن پر دوسرے ممالک کے اعلی حکام سے ملاقات اور بات چیت بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ملاقات کریں گے جس میں وہ نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں اور موقف کی وضاحت کریں گے بلکہ ان کے سوالوں کے جواب بھی دیں گے۔