کسی بھی سطح کے شریر جارح کو اپنے کئے پر پچھتانے پر مجبور کردیں گے، ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف کا بیان
ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف نے خبردار کیا ہے کہ ایران ، کسی بھی شریر جارح کا ہر سطح پر جواب دے گا اور اسے پچھتانے پر مجبور کردے گا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف نے ایک بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران کبھی بھی کوئي جنگ شروع نہيں کی لیکن کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں اپنے دفاع کے جائز حق کا بھرپور جواب دینے سے پیچھے نہيں ہٹے گا اور کسی بھی سطح کے شریر جارح کو اپنے کئے پر پچھتانے پر مجبور کردے گا۔
اس بیان میں کہا گيا ہے کہ بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت اور اس کے علاقائی و بین الاقوامی حامی بالخصوص اس کا اصلی حامی جرائم پیشہ امریکہ یہ جان لے کہ اگرچہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ پینتالیس سال میں کوئی بھی جنگ شروع نہیں کی ہے اور آئندہ بھی کوئی جنگ شروع نہیں کرے گا لیکن اپنے جائز حق کا بھرپور دفاع کرنے سے پیچھے نہيں ہٹے گا۔
ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف نے اپنے بیان میں صیہونی حکومت کے خلاف انجام پانے والی اس کارروائی کو اپنا جائز حق قرار دیا اور خبردار کیا کہ اگر جارح حکومت جوابی حملہ کرے گی تو اسے بڑے پیمانے پر اپنے بنیادی ڈھانچوں کی تباہی و بربادی دیکھنا پڑے گی اور اگر اس کے حامی ممالک ایران اسلامی کے خلاف کسی طرح کی جارحیت میں براہ راست مداخلت کریں گے تو انہیں علاقے کی سطح پر اپنے مفادات اور مراکز پر اسی وقت بھرپور حملے کا سامنا کرنا پڑےگا جو انھیں پچھتانے پر مجبور کر دے گا۔