Oct ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۲ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدرمسعود پزشکیان نے روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں فروغ پر تاکیدکےساتھ کہا ہے کہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات دوستانہ اور اسٹریٹیجک ہیں۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ترکمنستان میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر روسی صدر سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ صدر پزشکیان نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے موقع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اور ثقافتی نقطہ نظر سے ہمارے تعلقات روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں اور ایران اور روس کے درمیان تعاون کے روزافزوں عمل کو دونوں ممالک کے اعلی رہنماؤں کے عزم وارادے کے پیش نظر مزید مضبوط اور اس میں تیزی لائے جانے کی ضرورت ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے علاقے کی بحرانی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کسی بھی بین الاقوامی قانون اور انسانی اقدار کا احترام نہیں کرتی اور علاقے کی صورتحال بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی اور امریکی ممالک نہیں چاہتے کہ خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات پرامن بنیادوں پر آگے بڑھیں۔
اس ملاقات میں روس کے صدر نے بھی صدر ایران کےساتھ گفتگو پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون ہماری اولین ترجیح ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں فروغ اور تجارت کے حجم میں بہت اچھی طرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ روسی صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو برکس سربراہی اجلاس میں شرکت اور مشترکہ دو طرفہ اجلاس کے انعقاد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم بین الاقوامی سطح پر مشترکہ تعاون کر رہے ہیں اور عالمی مسائل میں ہمارے نقطہ ہائے نگاہ یکساں ہیں۔

ٹیگس