یحیی السنوار شہادت کی جستجو اور تلاش میں رہتے تھے، ایران کے وزیرخارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے شہید السنوار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ یحیی السنوار شہادت کی جستجو اور تلاش میں رہتے تھے
سحرنیوز/ایران: حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ یحیی السنوار کی شہادت کے بعد ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ وہ موت سے نہیں ڈرتے تھے، بلکہ وہ غزہ میں شہادت کے خواہاں تھے۔
وہ میدان جنگ میں آخری سانس تک بہادری سے لڑتے رہے۔ سید عباس عراقچی نے ایکس سوشل نیٹ ورک پر ایک پیغام میں لکھا کہ یحیی السنوار کو آخری تصویر میں جس خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے وہ کسی کو جنگ جاری رکھنے سے باز نہیں رکھے گی، بلکہ اسے دیکھ کر علاقے کے تمام مزاحمتی جیالے خواہ وہ فلسطینی ہوں یا غیر فلسطینی، سبھی اس سے متاثر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اور دنیا بھر کے دیگر بے شمار لوگ فلسطینی عوام کی آزادی کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور آج مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو آزاد کرانے کی امنگیں اور مقصد پہلے سے زیادہ زندہ ہے۔