ایران اپنی سرزمین کے خلاف جارحیت برداشت نہیں کرتا، صیہونی حکومت کو دندان شکن جواب ملےگا، صدر ایران
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اتوار کی شلم کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ ایران اپنی سرزمین کے خلاف جارحیت برداشت نہیں کرتا ہے۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائيلی حکام جانتےہیں کہ کسی بھی طرح کی حماقت کی صورت میں انہیں دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اتوار کی شام حکومتی کابینہ کے اجلاس میں سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اسلامی انقلاب اور ملت ایران کی سبھی قومی اقدار، ظلم کی مخالف اور آزادی وخود مختاری، حق کی طرفداری، انسان دوستی اور امن پسندی پر استوار ہیں۔ صدر ایران نے کہا کہ ہم کبھی بھی جنگ شروع کرنے والے نہیں رہے اور ہم نے جںگ کے لئے کسی بھی ملک کی حوصلہ افزائی نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امریکا ہے جس نے ہمیشہ ہمارے علاقے سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں جنگ افروزی کی ہے اور آج بھی اسی نے صیہونی حکومت کی پشت پناہی کرکے علاقے میں جںگ کی آگ بھڑکا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کے باوجود ہم نے بعض ملکوں کے کہنے پر غزہ میں جنگ بندی اور بے گناہ فلسطینی عوام، عورتوں اور بچوں کا قتل عام رکنے کی امید پر تحمل سے کام لیا، لیکن صیہونی حکومت نے اپنے جرائم شدید تر اور جارحیت کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا۔
ڈاکٹر پزشکیان نے علاقے کے بحران کے حوالے سے امریکا اور یورپی ملکوں کے ریاکارانہ رویئے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ممالک واقعی جنگ اور خونریزی کے طرفدار نہیں ہیں تو جنگ بندی کی قراردادوں کو ویٹو کیوں کرتے ہیں؟ صدر ایران نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی سلامتی کے خلاف جارحیت کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑے گا۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ صیہونی حکام اچھی طرح جانتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی غلط اقدام کا انہیں دنداں شکن جواب ملے گا۔