Nov ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد ایران کی بہت بڑی کامیابی

ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام تشویشناک صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں، اس لئے ترجیحی بنیادوں پر ان کو انسانی امداد فراہم کئے جانے اور منصفانہ جنگ بندی قائم کی جانے کی اشد ضرورت ہے۔

سحر نیوز/ ایران: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے دوسرے عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے واپسی پر ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس ایران کی تجویز پر منعقد ہوا اور خوش قسمتی سے اسلامی اور عرب ممالک کے سربراہوں نے اس کا بھرپور خیر مقدم کیا۔

محمد رضا عارف نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ سربراہی اجلاس میں بیشتر مسلم ممالک کے اعلی حکام نے شرکت کی، کہا کہ موجودہ حالات میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی تجویز کا خیر مقدم اور انعقاد، ایران کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے اور سعودی عرب نے ایک اچھا میزبان ہونے کا حق ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حال حاضر میں جبکہ غاصب صیہونی حکومت اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے، اس سربراہی اجلاس کے انعقاد کی اشد ضرورت تھی اور اس نے دنیا کو اتحاد کا پیغام دیا اور ایک اچھی اور تفصیلی قرارداد منظور ہوئی جس میں صیہونی جارحیت کے اقدامات کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

محمد رضا عارف نے کہا کہ ایرانی وزارت خارجہ نے اس اجلاس میں مناسب تجاویز پیش کیں جنہیں عمومی طور پر منظور کر لیا گیا۔

سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد کے ساتھ ہماری ایک اچھی ملاقات ہوئی اور ہم نے دوستانہ بات چیت کی جس میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

محمد رضا عارف نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا فروغ خطے کے اسلامی ممالک میں یکجہتی اور اتحاد کا باعث بنے گا۔

ٹیگس