Dec ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۱ Asia/Tehran
  • مسلم ممالک متحد ہوتے تو اسرائیل مسلمانوں کا اس طرح قتل عام نہيں کرسکتا تھا، صدر پزشکیان کا خطاب

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کے ساتھ ہماری جنگ ​ نہیں ہے، لیکن ہم اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کريں گے اور کسی کو بھی ایران کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہيں دیں گے

سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے شمالی خراسان کے عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والوں ایک عام اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو بھی ملک کی سرحدوں کے خلاف جارحانہ کاروائياں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ آج اسرائیل اپنی چھوٹی سی آبادی کے باوجود اپنے جارحانہ اقدامات کے ذریعے تمام مسلمانوں کو قتل و غارت گری کی طرف لے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرتمام مسلمان متحد ہوتے اور ایک دوسرے کا ساتھ دیتے تو کیا اسرائیل کے اندر مسلم ملکوں سے مقابلہ کرنے کی ہمت ہوسکتی تھی انہوں نے عالم اسلام سے سوال کیا کہ اگر مسلم ممالک اسرائیل کو اپنی توانائی کے ذخائر کو بند کرنے کی دھمکی دے دیتے تو کیا اس کے پاس ایسی مجرمانہ کارروائیاں کرنے کی جرائت ہوسکتی تھی؟
صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کا غلبہ ہو اور سب امن وسلامتی کے ساتھ مل جل کر زندگی گذاریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنا رہے ہيں اور ہم یہ چاہتے ہيں کہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کا بول بالا ہو۔

ٹیگس