Dec ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • مسافر طیارے کے حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جنوبی کوریا میں مسافر طیارے کے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ کے عوام اور حکومتوں کو تعزیت پیش کی ہے۔

سحرنیوز/ایران:  العالم کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل بقائی نے جنوبی کوریا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر طیارے کو پیش آنے والے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ کے عوام، حکومتوں خصوصا مرنے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔ اسماعیل بقائی نے اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد از جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے موان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گيا۔ یہ بوئنگ 737 طیارہ 15 سال پرانا تھا اور جیجو ائیر کی پرواز 7C-2216  بنکاک سے موان پہنچا تھا اور اسے پرواز 7C-2215  کے طور پر دوبارہ بنکاک جانا تھا۔

 دوسری جانب سی ای او جیجو ائیر کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں، طیارے کی خرابی کے کوئی ابتدائی شواہد نہیں ملے، گرنے والے طیارے کے حادثات کا کوئی سابقہ ریکارڈ نہیں تھا۔

موان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اپ اینڈ ڈاؤن کی یومیہ لگ بھگ 16 پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں، حادثے کے بعد اوساکا، ٹوکیو، جیجو سے موان کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ موان سے ٹوکیو، اوساکا، جیجو، تائی پے، بنکاک روانگی کی 7 پروازیں منسوخ ہیں۔

جنوبی کوریا پولیس اور امدادی اداروں کے 6 سے زائد ہیلی کاپٹر موان ائیرپورٹ پر موجود ہیں جن کے ذریعے زخمیوں یا لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 

 

ٹیگس