پیجر دہشت گردانہ واقعے میں زخمی ہونے والے 500 لبنانی شہریوں کا ایران میں علاج
ایران کے وزیر صحت کے مشیر علی جعفریان نے بتایا ہے کہ لبنان میں پیجروں کے دھماکوں میں زخمی ہونے والے 500 لبنانی شہریوں کا پہلے ہی ہفتے ایران کے مختلف ہسپتالوں میں معالجہ کیا گیا۔
سحرنیوز/ایران: لبنان کے دہشت گردانہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کی قدردانی کے لیے تہران کے سربراہان کانفرنس ہال میں کل ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ایران کے وزیر صحت کے مشیر علی جعفریان نے بتایا کہ تہران اور مشہد کے ہسپتالوں کے شانہ بشانہ، ایمرجینسی ڈیپارٹمنٹ، ایران کی ہلال احمر سوسائٹی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے لبنانی زخمیوں کو بہترین طبی خدمات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر ڈیڑھ ہزار آپریشن کیے گئے جو اس بات کی علامت ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا طبی نظام مختلف نوعیت کے ہنگامی حالات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے ایک ہفتے کے اندر ایمرجینسی ڈیپارٹمنٹ نے روزانہ 20 سے 30 ایمبولینسیں زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے تیار کر رکھی تھیں۔
علی جعفریان کا مزید کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ڈاکٹر اور نرسوں نے رضاکارانہ طور پر اور بغیر کسی مالی توقع کے ان زخمیوں کے علاج کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں نے اس نوعیت کی وحشیانہ دہشت گردی کرکے دکھا دیا کہ اس وقت دنیا پر حکمفرما نظام کس حد تک ظالم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی اور ان کے حامی، انسانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔