لبنان کے مومن اور مخلص عوام کے سامنے تمام سیاسی اور مادی اندازے مغلوب ہو گئے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے لبنانی عوام کی شجاعت و بہادری کی قدردانی کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: جنوبی لبنان میں غاصب صیہونی حکومت کی تمام تر جارحتیوں اور دھمکیوں کے باوجود وہاں مکینوں کی اپنے گھروں کی جانب شجاعانہ واپسی کی خبر عام ہونے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیاہے۔
صیہونی ٹینکوں اور فوجیوں کے مقابلے میں لبنانی باشندوں بالخصوص ایک خاتون کی عدیم المثال شجاعت و بہادری کی ویڈیوعام ہونے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی کے آفیشل ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ ڈالی گئی جس میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کا ایک جملہ تحریر کیا گیا ہے۔ ایکس پوسٹ میں آیا ہے کہ آج تمام سیاسی اور مادی اندازے جنوبی لبنان کے مومن اور مخلص عوام کے سامنے مغلوب ہو گئے کہ جنہوں نے صیہونی فوج کو ہیچ سمجھتے ہوئے اللہ کے وعدوں پر بھروسہ کیا اور جذبہ ایثار سے لبریز ہو کر میدان میں پہنچ گئے۔
باوجودیکہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب جنوبی لبنان سے انخلا کے لئے صیہونی حکومت کو دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے مگر غاصب صیہونی بدستور بعض علاقوں میں موجود اور پسپائی سے گریزاں ہیں ۔ مگر جنوبی لبنان کے باشندے انہیں خاطر میں لائے بغیر اپنے مکانات کی جانب لوٹ آئے ہیں۔