Feb ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • لاطینی امریکا کے ملکوں کے ساتھ تعلقات میں توسیع ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات ميں شامل ہے : صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کولمبیا کے ساتھ روابط میں فروغ کے لئے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاطینی امریکا کے ملکوں کے ساتھ تعلقات میں توسیع ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات ميں شامل ہے۔

 

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق صدر پزشکیان نے کولمبیا کے صدر گوسٹاؤ پیٹرو کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ایران کولمبیا کے ساتھ روابط میں توسیع کے لئے آمادہ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں روابط کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انھوں نے لاطینی امریکا کے ملکوں کے ساتھ روابط کے فروغ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت حالات بہت حساس ہو رہے ہيں اور امریکا میں ممکنہ طور پر کئے جانے والے فیصلوں سے پوری دنیا کو متعدد مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ان حالات میں دنیا کے آزاد اور خود مختار ملکوں کے درمیان روابط میں فروغ ضروری ہے۔ انھوں نے غزہ سے مظلوم فلسطینی عوام کی جبری نقل مکانی کے منصوبے کی مخالفت اور مظلوم عوام کی حمایت میں کولمبیا کی حکومت اور عوام کے موقف کو دلیرانہ قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے منصوبے اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی کی مذمت نیز امن کے عمل کو آگے بڑھانے کی حمایت قابل قدر ہے۔ کولمبیا کے صدر نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ روابط کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت بہت ہی حساس صورتحال سے دوچار ہے اور ان حالات میں ہمارے قریبی تعلقات اور باہمی تعاون میں فروغ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

ٹیگس