ایران دھمکی کی زبان قبول نہیں کرے گا؛ سیدعباس عراقچی
وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے تین یورپی ملکوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دھمکی کی زبان قبول نہیں کرتا اور اس کے خلاف حد اکثر دباؤ کی پالیسی ناکام رہے گی۔
سحرنیوز/ایران: مشرق وسطی اور شمالی افریقا کےلئے سوئزرلینڈ کے نمائندہ خصوصی وولفگانگ امادؤس برولہارٹ نے مسقط میں بحر ہند کے ساحلی ملکوں کے اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سیاسی مشاورت کےلئے تہران میں مجوزہ ایران اور سوئزرلینڈ کی نشست کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات اور تعاون جاری رہنے کے خواہاں ہیں۔
سید عباس عراقچی نے اسی طرح یورپی ٹرائیکا کے ساتھ تین دور کے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تین یورپی ملکوں کے ساتھ مذآکرات جاری رکھنے کے لئے تیار ہے لیکن دھمکی کی زبان قبول نہيں کرتا اور اس کے خلاف حد اکثر دباؤ کی پالیسی ناکام رہے گی۔
مشرق وسطی اور شمالی افریقا کے لئے سوئزر لینڈ کے نمائندے وولفگانگ امادؤس برولہارٹ نے امن عالم کے لئے اپنے ملک کی مساعی کا ذکر کرتے ہوئے مغربی ایشیا میں ایران کے موثر کردار پر زور دیا۔