Mar ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • کل جمعۃ الوداع کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمان اور حریت پسند عالمی یوم القدس منائیں گے

اسلامی جمہوریہ ایران کی مختلف تنظیموں اور اداروں نے ایرانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور حریت پسندوں سے عالمی یوم قدس کی ریلیوں، جلوسوں اور اجتماعات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: کل بروز جمعہ اٹھائیس مارچ دوہزار پچیس مطابق ستائیس رمضان المبارک چودہ سو چھالیس ہجری قمری کو عالمی یوم قدس منایا جائے گا۔ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد حضرت امام خمینی رح کے فرمان پر رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم قدس کا نام دیا گیا جس کے بعد سے ہر سال اسلامی جمہوریہ ایران سمیت جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس کی ریلیاں، جلوس، اجتماعات اور مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس مناسبت سے ایران کے ادارہ تبلیغات اسلامی کی رابطہ کونسل، ثقافتی انقلاب کی سپریم کونسل، ملک کے اساتذہ کی انجمن، وزارت دفاع، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، اور خواتین کی انجمن ، ملت فلسطین کے دفاع کی تنظیم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف اداروں ، محکموں، طبقوں اور ماہرین نے الگ الگ بیانات جاری کر کے لوگوں کو عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں شرکت کی دعوت دی ہے- ان بیانات میں کہا گیا ہے کہ عالمی یوم قدس، تسلط کے نظام کے خلاف حریت پسند اقوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلی جذبات کی آواز اور استکبار کے خلاف ایک علامت ہے۔ ان بیانات میں کہا گیا ہے کہ یہ وہ دن ہے جب امت اسلامیہ اور دنیا کے بیدار ضمیر افراد ، جارح صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے، جرائم اور جبر کے خلاف متحد ہوکر ایک آواز میں فلسطینی عوام کے لئے انصاف اور آزادی کی صدا بلند کریں گے۔ یہ دن کیلنڈر کا ایک دن نہیں بلکہ دنیا بھر کے آزادی پسند لوگوں کے درمیان ایک تاریخی میثاق ہے جنہوں نے ظلم اور جرائم کے خلاف، جنگ کا پرچم بلند رکھا ہے۔

اس سال ملت اسلامیہ عالمی یوم قدس ایک ایسے وقت منانے جارہی ہے جب غاصب اور سفاک صیہونی حکومت نے ایک بار پھر اپنا وحشیانہ چہرہ آشکار کر دیا ہے اور انتہائی وحشیانہ حملوں کے ساتھ غزہ کے نہتے اور مظلوم عوام کو بم دھماکوں، محاصروں اور بے رحمانہ قتل و غارت کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اس وقت غزہ کے باشندوں کے بے گھر ہونے، ان کی تباہی و بربادی اور بے گناہ فلسطینی بچوں کی شہادت کے دردناک مناظر دنیا کی نگاہوں کے سامنے ہیں، اور یہ سب کچھ انسانی حقوق کے علمبرداروں اور بچوں کو مارنے والی جارح حکومت کے حامیوں کے لیے ذلت و رسوائی کی دستاویزات ہیں- اس مناسبت سے پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا بھر کی اسلامی شخصیات، مختلف عوامی اور سماجی تنظیموں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بھی عالمی یوم قدس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام سے اس دن کے پروگراموں میں بھر پور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

 

 

ٹیگس