ایران کے خلاف کسی بھی دشمنانہ اقدام کا ذمہ دار امریکہ ہوگا؛ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایران کا خط
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ غیرذمہ دارانہ بیان کی مذمت کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کی سربراہ مارکوس لاسن کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی بابت سخت خبردار کرتا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے اپنے خط میں یاد دہانی کرائی کہ امریکی صدر نے این بی سی ٹی وی چینل کو تیس مارچ کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ایک بار پھر طاقت اور دھمکی کی زبان اختیار کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف فوجی اقدام کی کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سمجھوتہ نہيں کریں گے تو ان پر بمباری کی جائے گی اور ایسی بمباری کی جائے گي جسے انہوں نے اس سے پہلے کبھی نہيں دیکھا ہوگا۔
امیر سعید ایروانی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اس طرح کے دشمنانہ اور غیرذمہ دارانہ بیانات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور بالخصوص اس کی دوسری اور چوتھی شق کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہيں۔ ایران کے مندوب نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ یہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے کہ امریکہ اقوام متحدہ کا مستقل رکن ہونے کے باوجود اس ادارے کے منشور کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے اور اپنے سیاسی و جيوپولیٹکل اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے فوجی طاقت کو دباؤ ڈالنے کا اصلی ہتھکنڈہ سمجھتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، ان کھلی خلاف ورزیوں اور اس کے نتائج کے پیش نظر سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امریکی صدر کی دھمکیوں کی مذمت کرے اور اسے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنے کا پابند بنائے۔
امیر سعید ایروانی نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو اس طرح کے جنگ پسندانہ بیانات کے سامنے خاموشی اختیار نہیيں کرنا چاہئے اور اس کے خلاف اقدام کرنے میں کسی طرح کے پس و پیش کے نہ صرف علاقے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لئے المناک نتائج سامنے آئيں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے خلاف کسی طرح کی فوجی مہم جوئی کی بابت سخت انتباہ دیتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ امریکہ یا اس کے پراکسی اسرائیل کی جانب سے ایران کے اقتداراعلی، ارض سالمیت یا قومی مفادات کے خلاف کسی بھی طرح کے جارحانہ اقدام یا حملے کا فورا بھرپور جواب دےگا اور کسی بھی طرح کے دشمنانہ اقدام کی پوری ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوگی۔