مذاکرات آگے کی سمت بڑھ رہے ہیں، تیسرا دور اگلے ہفتے عمان میں ہو گا: ایرانی وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا دور اختتام پذیر ہو گیا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے مابین دوسرے دور کے بلواسطہ مذاکرات روم میں عمان کے سفارت خانے میں منعقد ہوئے۔ مذاکرات کا دوسرا دور بھی پہلے دور کی طرح بالواسطہ طریقے سے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کے ذریعے مثبت انداز میں ہوا۔ روم میں ایران کے سرکاری میڈیا کے نمائندے کا کہنا ہے کہ مذاکرات بند دروازوں کے پیچھے ہوئے۔
ایران کی جانب سے سید عباس عراقچی اور امریکہ کی جانب سے مشرق وسطی کے لیے صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکاف نے مذاکرات میں شرکت کی۔
ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے دوسرے دور کے اختتام پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ مذاکرات آگے کی سمت بڑھ رہے ہیں اور مذاکرات کا تیسرا دور سنیچر26 اپریل کوعمان میں ہو گا۔ جبکہ بدھ کے روزعمان میں ایران اور امریکہ کے مابین ماہرین کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جمعہ کو تہران کے مهرآباد ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران کا پرامن جوہری پروگرام مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے تحت ہے اور ایران اپنے قانونی و جائز حقوق کے تحفظ اور پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال کے لیے پرعزم ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے اور جوہری مسئلے کے حوالے سے ایران کی پوزیشن اور مطالبات واضح ہیں۔