صدر ایران کی جانب سے دنیا کے تمام کیتھولک عیسائیوں کو پاپ فرانسیس کے انتقال کی تعزیت
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایک پیغام جاری کرکے کیتھولک عیسائیوں کے پیشوا پاپ فرانسس کےانتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایک پیغام جاری کرکے، کیتھولک عیسائیوں کے پیشوا پاپ فرانسس کے انتقال پر دنیا کے سبھی کیتھولک عیسائیوں، ان کے پیروکاروں اور چاہنے والوں کو تعزیت پیش کی ہے۔
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاپ فرانسس کے انتقال پر اپنے پیغام تعزیت میں کہا ہے کہ پاپ فرانسس کی زندگی اور قیادت کا نمایاں ترین پہلو، دنیا میں انسانیت مخالف اقدامات پر ان کا انسان دوستانہ موقف بالخصوص غزہ میں اسرائيلی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت میں ان کا واضح موقف نیز بے گناہ فلسطینی بچوں اور خواتین کا قتل عام بند کرنے کا ان کا مطالبہ تھا۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر پاپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں ایرانی عوام کی جانب سے، عالمی برادری خاص طور پر پوپ فرانسس کے سوگوار پیروکاروں سے دلی تعزیت پیش کر تا ہوں۔عباس عراقچی نے مذید لکھا ہے کہ ہم اس غم میں کیتھولک عیسائی برادری کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔