ایرانی وزیرخارجہ اسلام آباد پہنچے + ویڈیو
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اتوار کی رات اسلام آباد پہنچے۔ اپنے اس دورے میں وہ پاکستانی حکام سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نور خان ایئر فورس بیس پر پاکستان کی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر اسد گیلانی اور اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے ساتھ وفد کے ارکان کا استقبال کیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور ایران مستحکم تعلقات کا عکاس ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ پیر کے روز اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال اور ایران کی جانب سے کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کی پیشکش کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کی ورکنگ میٹنگز کل پاکستانی فوج کے چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کے ساتھ شروع ہوں گی۔ وہ پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ 26 اپریل کو، سید عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت میں، دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کے لیے ایران کے تعاون کی پیشکش کی تھی۔