Jun ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران، لبنان کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے لیے خاص اہمیت کا قائل ہے: ایرانی وزیر خارجہ

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اپنا دورہ مصر مکمل کرکے منگل کی صبح کو بیروت کے رفیق حریری ایئرپورٹ پہنچ گئے

سحرنیوز/ایران: انہوں نے بیروت ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس دورے کا مقصد لبنان کے اعلی عہدے داروں اور عوام سے ملاقات ہے۔

انہوں نے عید استقامت اور عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک، مغربی ایشیائی ریاستیں اور دوستوں سے تعلقات اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ مصری حکام کے ساتھ بہت اچھی گفتگو رہی اور اب لبنانی قیادت کے ساتھ بھی ملاقات کی جائے گی۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور لبنان کے تعلقات تاریخی، دوستانہ اور ہمیشہ باہمی احترام کے مطابق رہے ہیں اور ان تعلقات کو انہیں بنیادوں اور دوطرفہ مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کی خودمختاری، اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کا تحفظ تہران اور پورے علاقے کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہر مرحلے میں لبنان کے وقار، ارضی سالمیت کی حمایت کی ہے اور غاصب صیہونیوں کی جارحیت کے مقابلے میں لبنان کے مزاحمت کی حمایت کو جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ عراقچی نے صحافیوں سے کہا کہ اس کا مطلب ایک دوست ملک کی اپنے لبنانی دوستوں کی حمایت ہے اور اس بات کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ لبنان کے اندرونی امور میں مداخلت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے کسی بھی ملک کو خطے کے دیگر ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے۔

سید عباس عراقچی نے بتایا کہ دورہ بیروت کے موقع پر لبنان کے صدر، اسپیکر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی جائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے اور لبنان کے نئے حالات کے تحت تہران اور بیروت کے تعلقات کا نیا باب کھل سکے گا۔

 

ٹیگس