ہماری کاری ضرب نے اسرائیل کو جنگ بندی کی درخواست پر مجبور کردیا؛ ایرانی وزیر دفاع
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے ایران کے محکم اور دنداں شکن جوابی حملوں کو صیہونی حکومت اور امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کا باعث قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: وینزویلا اور آرمینیا کے وزرائے دفاع کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل نصیر زادہ نے ایران پر صیہونی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان ممالک کے حکام اور عوام کے ایران کے حق میں مضبوط موقف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے مغربی حامیوں کی جانب سے ہر مہم جوئی کا بھرپور اور ایسا محکم جواب دیا جائے گا جو انہیں اپنی جارحانہ حماقت پر پشیمان کردے گا۔ امریکہ اور یورپ کے ساتھ مذاکرات کے دوران صیہونی حملے کا ذکر کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل نصیر زادہ نے اس غیر قانونی جارحیت نے امریکہ اور پوری مغربی دنیا کا رہا سہا اعتبار بھی ختم کردیا۔ انہوں نے صیہونی حکومت اور امریکی جارحیت پر ایران کی مسلح افواج کے دندان شکن جوابی حملوں حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کی گئی جس کو ہم نے قبول کرلیا لیکن ہم ان کی ہر جارحیت کا دردناک اور بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔