Jul ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۴:۴۹ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم نے دشمنوں کی تمام گھناؤنی سازشوں پر پانی پھیر دیا؛ رہبر انقلاب اسلامی کا عدلیہ کے حکام سے خطاب

ایران کی اعلیٰ عدلیہ کے سربراہ اور دیگر سینیئر حکام نے آج صبح رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای سے ملاقات کی۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی اعلیٰ عدلیہ کے سربراہ اور دیگر سینیئر حکام نے آج صبح رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آپ نے ایران کے خلاف حالیہ مسلط کردہ جنگ میں ایرانی عوام کے عظیم کردار کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی قوم نے اپنے کردار سے دشمنوں کے سارے اندازوں کو غلط ثابت کیا اور دشمنوں کی تمام گھناؤنی سازشوں پر پانی پھیر دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صیہونی و امریکی جارحیت کے مقابلے میں ایران میں حکام اور عوام ایک محاذ پر نظر آئے اور قومی اتحاد نے اسرائیل و امریکہ کو شکست سے دوچار کر دیا۔ آپ نے فرمایا کہ بارہ روزہ جنگ میں ایران میں قومی عزم ارادے اور اتحاد نے دشمنوں کے عزائم کو پسپا کیا اور دنیا نے مشاہدہ کیا کہ ایران نے صیہونی حکومت و امریکہ کی طاقت کا بھرم توڑ کر رکھ دیا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران نے امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے کر اس حقیقت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ایرانی قوم کسی بھی جارح طاقت سے نہیں ڈرتی اور وہ ہر جارحیت کا دنداں شکن جواب دینے کی توانائی رکھتی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایرانی قوم اپنے ملک کے دفاع میں ہر جنگی و سفارتی محاذ پر مستحکم و طاقتور نظر آئی اور ایران کے بارے میں دشمنوں کے سارے اندازے غلط ثابت ہوئے۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای نے اسرائيل کو سرطانی غدہ اور امریکہ کی جانب سے اس کی حمایت کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئےفرمایا کہ ایرانی قوم نے نہ تو ظلم و جارحیت کو برداشت کیا ہے نہ ہی آئندہ کبھی ظلم و جارحیت کو برداشت کرے گی۔ آپ نے فرمایا کہ اسرائیل نے امریکی حمایت سے ایران کو جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ ایران نے اپنے بل بوتے پر اس جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خبریں سینسر نہ ہوں اور حقیقت سامنے آئے تو پتہ چلے گا کہ ایران نے امریکی حملے کا کتنی توانائی سے جواب دیا ہے جبکہ اس سے بھی زیادہ توانائی ایران جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹیگس