رہبر انقلاب اسلامی، ہم دشمن کی آنکھ کا کانٹا بن کے ایران کو ترقی اور عظمت کی بلندیوں پر لے جائیں گے
رہبر انقلاب اسلامی ایران نے کہا ہے کہ انشا اللہ ہماری قوم، ایمان کی مضبوطی اور مختلف علوم کے فروغ اور تحقیق میں بڑے کام کرے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی طرف سے مسلط کردہ 12 روزہ جنگ کے شہداء کے چہلم پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے حسینیہ امام خمینی (رح) میں شہداء کے اہل خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔

رہبر انقلاب اسلامی ایران نے تقریب سے خطاب میں 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کو اسلامی جمہوریہ کی قوت اور ارادے کی طاقت میں مضبوطی کا سبب اور بے مثال طاقت کے اظہار کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ دشمنیوں کی اصل وجہ بدخواہوں کا ایرانی قوم کے ایمان، علم اور اتحاد سے حسد ہے، کہا کہ انشا اللہ ہماری قوم ایمان کی مضبوطی اور مختلف علوم کے فروغ و تحقیق میں بڑے کام کرے گی اور ہم دشمن کی آنکھ کا کانٹا بن کے ایران کو ترقی اور عظمت کی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے حالیہ جنگ میں شہید ہونے والے فوجی کمانڈروں، سائنس دانوں اور عوام کے پسماندگان کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان 12 دنوں میں حاصل ہونے والے عظیم اعزازات کے علاوہ، جس کا آج پوری دنیا اعتراف کرتی ہے، ایرانی قوم نے دنیا کو اپنی طاقت، استقامت، ثابت قدمی اور اسلامی جمہوریہ کے آہنی ہاتھوں کا جلوہ کچھ اسطرح دکھایا کہ آج سب ہماری طاقت کو محسوس کر رہے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی ایران نے اسلامی جمہوریہ کی بنیاد "دین" اور "علم" کے دو ستونوں کو قرار دیا اور کہا کہ ان دو ستونوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ایران کے عوام اور فوج نے دشمن کو ہر میدان میں پسپائی پر مجبور کیا اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمن ایٹم بم، افزودگی اورانسانی حقوق کا جو واویلا کرتا ہے وہ ایک بہانہ ہے اور ان کی بے چینی، عدم اطمینان اور مخالفت کی بڑی وجہ سائنسی، انسانی، فنی اور مذہبی علوم کے مختلف شعبوں میں ایران کی ابھرتی ہوئی صلاحیتیں اورعلمی میدان میں نئے مکالمے کا ظہور ہے۔