دشمن ایران کو کمزور کرنے میں ناکام رہا؛ سپاہ پاسداران کے ترجمان
سپاہ پاسداران کے ترجمان نے کہا کہ دشمن نے حالیہ جنگ میں نفسیاتی، شناختی، تکنیکی اور عسکری تمام ہتھکنڈے آزما لیے، لیکن ایرانی میڈیا کی بصیرت، عوامی اتحاد اور رہبر انقلاب کے بروقت فیصلوں نے نقشہ بدل دیا۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان جنرل محمد علی نائینی نے شہدائے صحافت کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ جنگ صرف ایک عسکری محاذ نہیں تھی بلکہ یہ ایک مکمل ہمہ جہت جنگ تھی جس میں دشمن نے نفسیاتی، شناختی، تکنیکی اور عسکری کے تمام وسائل استعمال کیے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا اصل ہدف ایران کی ایٹمی طاقت کو ختم کرنا اور ملک کو تقسیم کرنا تھا، تاہم ان کی جنگی حکمت عملی ناقص ثابت ہوئی۔
جنرل نائینی نے 12 روزہ جنگ میں میڈیا کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی ذرائع ابلاغ نے نہ صرف میدان جنگ کی صحیح تصویر پیش کی بلکہ قومی طاقت اور اتحاد کو دنیا کے سامنے واضح کردیا۔ جنرل نائینی نے کہا کہ حالیہ جنگ میں میڈیا ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر ابھرا، جس نے سچ کی روایت کو زندہ رکھا اور دشمن کی نفسیاتی یلغار کا بھرپور مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ رہبر معظم نے ابتدائی پیغام سے ہی دشمن کی نفسیاتی برتری کو ختم کردیا اور میڈیا نے اس پیغام کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جس سے دنیا کو اندازہ ہوگیا کہ ایران کی قوت و ثبات محض نعرہ نہیں بلکہ عملی حقیقت ہے۔