صدر ایران: ہم سب ایران کی سربلندی کے لیے متحد ہیں
صدر ایران نے کہا ہے کہ اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ 12 روزہ جنگ کے دوران مختلف افکار کے لوگ متحد ہوکر سڑکوں پر آئے اور وطن کے استحکام کی خاطر قیادت کا ساتھ دیا۔
سحرنیوز/ایران:مسعود پزشکیان نے آج بروز ہفتہ، 9 اگست 2025 کو اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی کے دورے کے دوران، کہا کہ سب سے پہلے، میں جرنلسٹ ڈے کے موقع پر تمام صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جس چیز پر میں نے ہمیشہ یقین کیا اور اپنی باتوں اور تقریروں میں اس پر زور دیا وہ اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ہے۔ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک مضبوط نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ مختلف ذوق اور افکار کو قبول نہ کرے اور ساتھ ہی ایک پرامن فریم ورک میں ساتھ رہنے کی اجازت نہ دے۔
صدر ایران نے کہا کہ حالیہ 12 دن کی جنگ کے دوران یہ بات واضح ہو گئی کہ ہمارے ملک اور معاشرے کا اتحاد اور ہم آہنگی دشمن کے حملوں کے مقابلے میں کس حد تک طاقت، ایمان اور زندگی کے لیے محبت پیدا کر سکتا ہے۔ یہ یکجہتی بہت سے لوگوں کے لیے ناقابل تصور تھی، اور دشمن کو بھی یقین نہیں تھا کہ ہمارے عزیز از جان لوگ اس طرح متحد ہوجائیں گے۔
عوامی یکجہتی کے قائم رہنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ عراق سے لے کر آذربائیجان، ترکمانستان، پاکستان، عمان اور قطر تک ایران کے ساتھ تعلقات میں ہمسایہ ممالک کا خیرمقدم مثالی ہے۔ خطے کے تمام ممالک نے بے مثال انداز میں متحد ہو کر ہمارے ملک پر صیہونی اور امریکی حملے کی کھل کر مذمت کی اسے قانون کے خلاف قرار دیا۔
پزشکیان نے کہا کہ ہماری پالیسی یہ ہونی چاہیے کہ ہم اپنے پڑوسیوں اور مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اتحاد قائم رکھیں اور ایک مشترکہ نقطہ نظر تک پہنچیں۔