تہران یورپی ٹرائیکا کے غیر قانونی اقدام کا مناسب جواب دے گا؛ ایرانی وزیرخارجہ
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یورپی یونین اور یورپی ٹرائیکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کو خبردار کیا ہے کہ تہران ان کے غیر قانونی اقدام کا مناسب جواب دے گا
سحرنیوز/ایران: یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج اور یورپی ٹرائیکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کی شام وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو ٹیلیفون پر اطلاع دی ہے کہ وہ سلامتی کونسل کو اسنیپ بیک فعال کرنے کا پراسیس شروع کرنے کی اطلاع دے رہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج اور یورپی ٹرائیکا کے وزرائے خارجہ نے سید عباس عراقچی کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں اسی کے ساتھ کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ تیس دن کے اندر یہ مسئلہ حل کرلیا جائے اور سلامتی کونسل کی پابندیوں کی قرار دادیں بحال نہ ہوں۔
ارنا کے مطابق وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران کے خلاف اسنیپ بیک کے لئے یورپی ٹرائیکا کے اقدام کو بلاجواز اور ہر قسم کی قانونی بنیاد سے عاری قرار دیا ہے۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ تہران اپنے پرامن ایٹمی پروگرام سے متعلق مسائل کے سفارتی حل کے لئے خلوص نیت کے ساتھ کوشاں ہے۔ انہوں نے اسی کے ساتھ یورپی وزرائے خارجہ پر واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے قومی مفادات اور حقوق کے تحفظ کے لئے، یورپی ٹرائیکا کے غیر قانونی اور بلاجواز اقدام کا مناسب جواب دے گا۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ این پی ٹی معاہدے اور بین الاقومی قوانین کے مطابق ایران اپنے حقوق اور مفادات کا دفاع کرے گا۔ انہوں نے اسی کے ساتھ امید ظاہر کی کہ یورپی یونین اور یورپی ٹرائیکا کے رکن تینوں ممالک، موجودہ حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دیں گے اور اپنے غلط اقدام کی آئندہ دنوں میں مناسب اصلاح کریں گے۔