دشمن سے ایران کی ترقی اور خودمختاری برداشت نہیں ہورہی ہے: آرمی چیف جنرل امیر حاتمی
اسلامی جمہوریہ ایران کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران حملے سے ثابت ہوا کہ دشمن کبھی امن نہیں چاہتا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ 12 روزہ جنگ نے دشمن کے تمام پروپیگنڈے اور جھوٹے دعوے بے نقاب کردیے ہیں۔ تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حاتمی نے کہا کہ دشمن ہمیشہ ایران کی مشکلات، اقتصادی پابندیوں اور آٹھ سالہ جنگ کی مشکلات کو اسلامی جمہوری نظام کا نتیجہ قرار دیتا رہا ہے، لیکن 12 روزہ جنگ نے حقیقت کو سب پر واضح کر دیا۔

جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران پر اس وقت حملہ کیا گیا جب ہم مذاکرات میں مصروف تھے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ دشمن کو نہ امن سے دلچسپی ہے نہ بات چیت سے۔ سازشیں اور تخریب کاری دشمن کا وطیرہ ہے۔ ایرانی فوجی سربراہ نے کہا کہ آٹھ سالہ مسلط شدہ جنگ کے دوران مشرق و مغرب دونوں نے صدام کی مکمل حمایت کی تاکہ اسلامی نظام کو نقصان پہنچایا جاسکے لیکن ایرانی قوم نے صبر، استقامت اور ایمان کے ساتھ ہر سازش کو ناکام بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی دشمن سے ایران کی ترقی اور خودمختاری برداشت نہیں ہورہی ہے اس لیے فوج کو 12 روزہ جنگ کے تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔