پاکستان: عاصم منیر ملک کے پہلے سی ڈی ایف مقرر، پاکستان اب اونچی اڑان کی جانب جائے گا: عاصم منیر
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز، سی ڈی ایف، بھی مقرر ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے چیف آف ڈیفنس فورسز کی تقرری کی سمری پر دستخط کر دیئے، لہذا اب فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز، سی ڈی ایف، بھی مقرر ہو گئے ہیں۔ ان دونوں عہدوں کی مدت پانچ سال ہو گی۔
صدر آصف علی زرداری نے چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی جو ان کی موجودہ مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد 19 مارچ 2026 سے نافذ العمل ہو گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی سمری منظوری کے بعد صدر آصف علی زرداری کو ارسال کی گئی تھی۔ سمری کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔
اس موقع پر ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سب ٹھیک ہے، سب آپ کے سامنے ہے، چیزیں اب بہتری کی جانب جا رہی ہیں، پاکستان یہاں سے اب اونچی اڑان کی جانب جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے چیف آف ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔ اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ 5 سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہوگا، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو 2028 تک تعینات رہیں گے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok