Oct ۲۵, ۲۰۲۵ ۲۰:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران، روس اور چین کا  گروسی کو مشترکہ خط ، ایران کے ایٹمی پروگرام کی نگرانی کی مدت ختم ہونے پر زور

ایران، روس اور چین نے آئی اے ای اے کے سربراہ کو مشترکہ خط لکھا ہے جس میں اقوام متحدہ کی قرارداد پر مشترکہ موقف اختیار کیا گيا ہے

سحر نیوز/ ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق ایران، روس اور چین کے نمائندوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے نام ایک مشترکہ خط میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد بائيس اکتیس کی تمام شقیں اٹھارہ اکتوبر کو اپنی مدت مکمل کرچکی ہیں لہذا اب اس کے تحت ایران کی جوہری سرگرمیوں پر نگرانی اور رپورٹنگ کا سلسلہ ختم سمجھا جائے۔

ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب ‌آبادی کے مطابق یہ اقدام تینوں ملکوں کی مشترکہ سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل روس، چین اور ایران نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو بھی ایک خط بھیجا تھا جس میں قرارداد بائیس اکتیس کے خاتمےسے متعلق باضابطہ اطلاع دی گئی تھی۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب‌آبادی نے کہا کہ خط میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کی کوشش کو غیرقانونی اور ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔

اس مشترکہ خط میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی پندرہ دسمبر دو ہزار پندرہ کی قرارداد کی شق نمبر چودہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران سے متعلق معاملہ زیادہ سے زیادہ دس سال تک یا جامع رپورٹ کی اشاعت تک ایجنڈے میں شامل رہ سکتا ہے اس لئے اٹھارہ اکتوبر کے بعد یہ نکتہ خودبخود ختم ہو چکا ہے۔

ٹیگس