Nov ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۴۵ Asia/Tehran
  • میکسیکو میں اسرائیلی سفیر پر مبینہ حملہ: امریکہ اور اسرائیل کے الزامات سفید جُھوٹ، ایران

ایران نے میکسیکو شہر میں غاصب اسرائیل کے سفیر پر مبینہ حملے کی کوشش کے بارے میں امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت تازہ الزامات سفید جُھوٹ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو میں ایرانی سفارت خانے نے ایک بیان میں میکسیکو شہر میں غاصب صیہونی حکومت کے سفیر پر مبینہ حملے کی کوشش سے متعلق ایران کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کے تازہ الزامات کو سفید جُھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

بیان میں کہا گيا ہے کہ یہ دعویٰ کہ ایران نے میکسیکو میں اسرائیلی سفیر کو قتل کرنے کی کوشش کی ایک بڑا میڈیا جھوٹ ہے جس کا مقصد دونوں ممالک (ایران اور میکسیکو) کے درمیان دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو خراب کرنا ہے اور ہم اس الزام کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہیں۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایران اور میکسیکو کے مفادات مشترک ہیں اور ایران میکسیکو کی سلامتی اور ساکھ کو اپنی سلامتی اور ساکھ سمجھتا ہے۔

 ایرانی سفارت خانے کے بیان میں آیا ہے کہ میکسیکو کی حکومت نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے ہم اسے ہرگز ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔

میکسیکو میں ایرانی سفارت خانہ نے ایران کے خلاف یہود دُشمنی کے الزام کو بھی ایک بڑا جھوٹ اور اسے نسل پرست صیہونی حکومت کے عہدیداروں کی من گھڑت بات قرار دیا ہے۔

بیان کے مطابق، ایران میں 100 سے زیادہ یہودی عبادت گاہیں قائم ہیں جو عوام کے لئےکُھلی ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ 

 

ٹیگس