امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کی نئی قرارداد مسائل کو مزید پیچیدہ بنائے گی: آئی اے ای اے میں ایرانی مندوب
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، آئی اے ای اے، میں ایران کے مستقل مندوب رضا نجفی نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کی نئی قرارداد مسائل کو مزید پیچیدہ بنائے گی اور اس سے سفارت کاری کو بڑا دھچکا لگے گا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب رضا نجفی نے امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کی جانب سے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایک نیا مسودۂ قرارداد پیش کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ سلامتی کونسل کی منسوخ شدہ قراردادوں کی بنیاد پر ڈائریکٹر جنرل پر اپنی مرضی مسلط کرنے سے موجودہ صورت حال میں پیچیدگیاں ضرور پیدا ہوں گی لیکن ایران میں سیف گارڈ معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، آئی اے ای اے، میں ایران کے مستقل مندوب نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں نیا مسودۂ قرارداد پیش کرنے کے امریکہ اور تین یورپی ملکوں کے اقدام کےبارے میں نامہ نگاروں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک ایرانی قوم کے خلاف اپنے غیر منطقی اور جارحانہ نظریات مسلط کرنے کے ذریعے آئی اے ای اے میں اپنی تعداد کی اکثریت سے غلط فائدہ اٹھاکر جو کچھ نیویارک میں حاصل نہیں کرسکے ہیں اب اسے ویانا میں مسلط کرنا چاہتے ہیں-
آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے نے واضح کیا کہ امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کا یہ اقدام مکمل طور پر غیر قانونی اور غیر منصفانہ ہونے کے علاوہ، عملی طور پر موجودہ پیچیدگیوں میں اضافہ کرے گا اور سفارت کاری کو ایک اور دھچکا لگے گا۔
رضا نجفی نے بورڈ آف گورنرز کے تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے جوہری مسئلے کے حوالے سے امریکہ اور تین یورپی ممالک کے تخریبی اور یکطرفہ اقدامات کی کُھل کر مخالفت کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکہ اور یورپی ٹرائیکا کے اقدامات کا مناسب جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی اے ای اے کا آئندہ اجلاس بدھ انیس نومبرکو ویانا میں منعقد ہوگا-