ایرانی قوم سے ہمدردی کا دعویٰ منافقانہ اور رائے عامہ کو دھوکہ دینے والا، امریکی حکام کے مداخلت پسندانہ بیانات پر ایرانی وزارت خارجہ کا رد عمل
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایران کے اندرونی معاملات میں صدر اور امریکہ کے دیگر حکام کے مداخلت پسندانہ بیانات کی مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ایران کے اندرونی معاملات میں صدر اور امریکہ کے دیگر حکام کے مداخلت پسندانہ بیانات کی مذمت کی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ مؤقف، جو کہ ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کی غنڈہ گردی اور غیر قانونی رویہ کا تسلسل ہے، نہ صرف ممالک کی قومی حاکمیت کے احترام پر مبنی اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی اصول و قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ ایرانی شہریوں کے خلاف دہشت گردی اور تشدد کی ترغیب دلانے کے مترادف ہے۔
ایرانی امور میں مختلف امریکی حکومتوں کی مجرمانہ مداخلتوں کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے عظیم ایرانی قوم سے ہمدردی کے دعوے کو منافقانہ اور رائے عامہ کو دھوکہ دینے والا اور ایرانیوں کے خلاف ہونے والے بے شمار جرائم پر پردہ ڈالنے کے ایک حربے سے تعبیر کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم کے ساتھ امریکہ کو کتنی "ہمدردی" ہے اسے سمجھنے کے لیے امریکی سیاست دانوں کے اقدامات کے طویل ریکارڈ پر سرسری نگاہ ڈالنا ہی کافی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی جرائم کی فہرست کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈاکٹر محمد مصدق کی منتخب حکومت کے خلاف 1953 کی بغاوت، فسادیوں کو مالی مدد اور انہیں مسلح کرنا، 1988 میں ایک ایرانی مسافر بردار طیارہ کو نشانہ بنانا اور خلیج فارس میں 300 بے گناہ افراد کا قتل، جون 2025 میں ایرانیوں کو شہید کرنے اور ایرانی جوہری تنصیبات اور انفراسٹرکچر پر ہونے والے حملوں میں اسرائیلی حکومت کا ساتھ دینا اور گزشتہ کئی عشروں کے دوران ظالمانہ اور غیر انسانی پابندیوں کا نفاذ ، یہ سب ایرانی قوم کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کی واضح مثالیں ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ایرانی وزارت خارجہ نے ایران کے خلاف امریکی حکام کے دھمکی آمیز بیانات کو صیہونی حکومت کی خطے میں کشیدگی بڑھانے کی پالیسی کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا کسی بھی جارحیت کا جواب بہت شدید، منہ توڑ، فیصلہ کن اور بھرپور ہوگا۔