امریکہ کے تازہ حملے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی کھُلی خلاف ورزی: ایران
ایرانی وزارت خارجہ نے ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں پر امریکہ کے تازہ حملوں کو اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کی کھُلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے آج ایک بیان جاری کرکے ملک کے جنوبی ساحلوں پر امریکہ کی تازہ فوجی جارحیت کو اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 2 کی شق چار اور جنگ کے خاتمے کے لئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی کھُلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی تیل کی فروخت کا اجازت نامہ جو مفاہمتی یادداشت کی شق 10 کے مطابق جاری کیا گیا تھا، منسوخ کرنے کےامریکی وزارت خزانہ کے گزشتہ رات کے فیصلے کے ساتھ ہی غیر قانونی حملوں کی ایک بار پھر شروعات، آبنائے ہرمز میں ایرانی تدابیر کی خلاف ورزی اور لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے جاری حملوں کے سلسلے نے جنگ کے خاتمے کی مفاہمتی یاد داشت کے بڑے حصے کو غیر مؤثر بنا دیا ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان اقدامات سے بڑھنے والی کشیدگی کے خطرنات نتائج کی تمام تر ذمہ داری عہدشکن امریکی حکومت پر ہوگی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق سبھی حکومتوں بالخصوص خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ملکوں کا فریضہ ہے کہ اپنے قلمرو ایران کے خلاف جارحیت کے لئے استعمال ہونے کی اجازت نہ دیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت میں ہر قسم کا تعاون اس جارحیت میں مشارکت شمار ہوگا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel