جارحیت کا جواب قانونی دفاع ہے: ایرانی وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جارحیت کا جواب، قانونی دفاع ہے، جارحیت کی تقلید نہیں۔
سحرنیو/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر 16 نومبر کو صیہونی حکومت کی منظم نفسیاتی اور ابلاغیاتی جنگ کے جواب میں سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ جارح کو شکست دینے کے لئے، ایران کو دشمنوں کی دہشت گردانہ روشوں کی تقلید کی ضرورت نہیں ہے۔
انھوں نے ایکس پر اپنی تازہ پوسٹ میں لکھا ہے کہ "فرانس میں ریفریجریٹروں کے (ہیک ہونے کے) معاملات سے لے کر، امریکی حکام کے دہشت گردی کے دعووں تک، ہمیں صیہونی میڈیا کی نفسیاتی جنگ اور منظم جھوٹی داستان سازی کا سامنا ہے۔ صیہونی حکومت اس میڈیا وار میں، ایران کو مغربی حکومتوں کے لئے خطرہ بتانے کے ساتھ ہی عام یورپی عوام کی روز مرہ کی زندگی کا دشمن بھی ظاہر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
اسماعیل بقائی نے لکھا ہے کہ دشمن کا مقصد واضح ہے، اس نے دیکھا کہ امریکا اور یورپ کے عوام، اپنے لیڈروں کی جنگ پسندی کا ساتھ نہیں دے رہے ہیں تو ان پر خوف ووحشت طاری کرکے، جنگ کی حمایت کے راستے پر لانے اور امریکا و یورپ کے لیڈروں کی سیاسی و فوجی مہم جوئی کو اپنے شہریوں کی سیکورٹی کا دفاع ظاہر کرنے اور اسی کے ساتھ امریکی حکام کے قتل کی دھمکی کا پروپیگنڈہ کرکے، جنگ کو ایک ذاتی مسئلہ ظاہر کرنے کی کوشش شروع کردی۔
ترجمان وزارت خارجہ نے لکھا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جارحیت میں، ایرانی حکام اور عام شہریوں کو نشانہ بناکر ننگی ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ایران نے اپنے دفاع میں مستحکم جواب دیا ہے اور دے رہا ہے، اس کو دشمنوں کی تقلید کرکے عام شہریوں کی زندگی مختل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے جو خود اپنے لیڈروں کے غلط فیصلوں کی بھینٹ چڑھے ہیں۔
انھوں نے لکھا ہے کہ امریکی حکام کا، جو کل تک جنگ میں کامیابی کے دعوے کررہے تھے، فرار اور روپوش ہونا اپنے عوام میں اپنے لئے رحم کا جذبہ پیداکرنے کے لئے ہے جو اپنے لیڈروں کی غلط بیانی اور امریکی حکومت کے صیہونی حکومت کی ترجیحات پر عمل کرنے اور اس کی مطیع بن جانے سے برہم ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel